اڈپی ،29؍ نومبر (ایس او نیوز) پارکلا علاقے میں معمولی سڑک حادثہ کے بعد شروع ہوئے گروہی جھڑپ کی وجہ سے افراتفری مچ گئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ کل شام کے وقت ایک بائک اور کار کے درمیان معمولی سی ٹکر ہوگئی ۔ اس سے کسی بھی گاڑی کو نقصان نہیں پہنچا تھا ۔ لیکن دونوں طرف سے زبانی تکرار شروع ہوگئی جو بعد میں گروہی تصادم اور مار پیٹ میں بدل گئی جس کی وجہ سے تقریباً آدھے گھنٹے تک ٹریفک جام لگ گیا ۔
اس دوران وہاں سے گزر رہے سٹی میونسپل کاونسل کے رکن یوگیش سالیان نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں گروہوں کے درمیان مصالحت کرنے کی کوشش کی مگر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ الٹے ایک گروپ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے یوگیش سالیان پر ہی حملہ کرنے کی کوشش کی تو وہ وہاں سے نکل گئے ۔ لیکن کار کے ڈرائیور نے اپنے دوستوں کو اطلاع کردی تو کچھ لوگوں نے ایم آئی ٹی بس اسٹینڈ تک یوگیش سالیان کا پیچھا اور ان کا راستہ روک لیا ۔ خود پر حملہ کا منصوبہ دیکھتے ہوئے یوگیش نے فوراً دائیں بازو کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور منی پال پولیس اسٹیشن کو اطلاع کردی ۔
منی پال پولیس نے دونوں فریقوں کو پولیس اسٹیشن بلا کر ایک گھنٹے تک تفتیش کی اور پھر دونوں کے درمیان مصالحت کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ معاملہ فرقہ وارانہ ٹکراو میں تبدیل ہوتے ہوتے رہ گیا کیونکہ پولیس اسٹیشن کے باہر دونوں فرقوں سے تعلق رکھنے والا ہجوم جمع ہوگیا تھا ۔ لیکن پولیس نے حالات پر قابو پالیا ۔ اس سلسلے میں منی پال پولیس اسٹیشن میں کیس داخل کیا گیا ہے ۔